اسلام آباد ( آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی بندرگاہوں پر افغانستان کی ٹرانزٹ رسائی نہیں روکی ، پاکستان نے اپنی بندرگاہوں پر ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے مسلسل رسائی فراہم کی ۔ وہ ہفتہ کو افغان صدر اشرف غنی کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو افغان عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے کے حصے کے طور پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے ( اے پی ٹی ٹی اے ) کے تحت بھارت کو اور بھارت سے ٹرانزٹ ٹریڈ شامل نہیں تاہم پاکستان خصوصی خیر سگالی کے طور پر واہگہ بارڈر کے ذریعے افغان فروٹ کو بھارت جانے کی اجازت دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی بندرگاہوں سے افغان ٹرانزٹ بند نہیں کی تاہم افغانستان میں بعض شر پسندوں کی جانب سے پاکستان کا قومی پرچم نذر آتش کیے جانے کے نتیجے میں 19 سے 31 اگست تک پاک افغان چمن سرحد بند کی گئی تھی جسے بعد ازاں دونوں فریقین کے اس اتفاق کے بعد کھول دیا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات کو رونما ہونے سے روکا جائے گا ۔ پاکستان نے اپنی بندرگاہوں پر افغانستان کی ٹرانزٹ رسائی نہیں روکی ، پاکستان نے اپنی بندرگاہوں پر ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے مسلسل رسائی فراہم کی