اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مردان میں دوسہری چوک میں نادراآفس کے احاطے میں یکے بعد دیگرے خودکش اور بم دھماکوں کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی جہاں 10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے‘ وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ عمران خان‘ آصف زرداری‘ سراج الحق ‘ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قومی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ‘ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی صوبائی حکومت کو زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو مردان میں دوسہری چوک میں نادراآفس کے احاطے میں یکے بعد دیگرے خودکش اور بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی جہاں 10زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی سی او مردان عمران حمیدنے بتایا ہے کہ نادرا آفس کے احاطے میں ہونیوالے دھماکے میں اٹھارہ افراد شہید ہوگئے جبکہ تیس افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ شہید ہونے والوں میں نادرا آفس کا سیکیورٹی گارڈ اور کمپیوٹر آپریٹر بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے ایک چھوٹا دھماکہ ہوا جس کے بعد بعد قطاروں میں لگے شہری اور نادرا کا عملہ گیٹ کی طرف بھاگا تو گیٹ کے قریب ہی زور دار دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر بیشتر لوگ جاں بحق ہوگئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور نے اپنی موٹرسائیکل دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں گر گئی اور کئی افراد دیوار کے ملبے تلے بھی دب گئے۔ دھماکہ شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ عمران خان‘ آصف زرداری‘ سراج الحق ‘ مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قومی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ‘ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی صوبائی حکومت کو زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور سیکیورٹی اداروں سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔ چیئرمین نادرانے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی جی نادرا پشاور کو فوری طور پر مردان پہنچنے کی ہدایت کی۔