لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی نواسی مہر النسا اور ان کے شوہر راحیل منیر کے نئے گھر کی تعمیر و تزئین و آرائش کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ باوا پارک اپرمال پر واقع دو کنال کی دو منزلہ لگڑری رہائش گاہ زلزلہ پروف ہے اور اسے دنیا کے جدید سسٹمز سے آراستہ کیا گیا ہے۔ چار بیڈرومز اور وسیع لانجز پر مشتمل دلآویز رہائش گاہ تین ماہ میں تیار ہوئی جس میں ایک وقت میں سینکڑوں افراد کام پر مامور رہے، گھر ”پاکستان ٹیکنیکل ایسوسی ایٹ پرائیویٹ لمیٹڈ“ نامی کنسٹرکشن کمپنی نے تیار کیا ہے جو دوبئی اور ابوظہبی سمیت دیگر ممالک میں بڑے بڑے تعمیراتی پراجیکٹس پر کام کیلئے معروف ہے۔ گھر میں بیسمنٹ بھی موجود ہے اور گھر کے ستونوں میں لوہے کا زیادہ استعمال کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے نئے گھر کی تعمیر و آرائش میں ان کے دولہا راحیل منیر خصوصی دلچسپی لیتے رہے وہ روزانہ سائٹ کا وزٹ کرتے رہے اور ہدایات دیتے رہے۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ دولہا کی طرف سے نئی زندگی کے آغاز پر تعمیر ہونے والے نئے گھر کی تکمیل پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ نئے جوڑے کیلئے تیار کئے گئے خوشنما گھر کے قریب مہر النسا کے سسرالی خاندان کے بھی دو تین گھر آباد ہیں۔ واضح رہے کہ آج کل جاتی عمرہ رائے ونڈ میں وزیراعظم نوازشریف کی نواسی مہر النسا کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور بیرون ملک مقیم قریبی عزیز و اقارب شادی میں شرکت کیلئے لاہور پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ جوڑے کا نکاح چھ ماہ قبل مدینہ منورہ میں ہوا تھا۔ مہر النسا کی رسم حنا کل، رخصتی پرسوں اور ولیمہ 27 دسمبر کو ہوگا۔