نیویارک(این این آئی )ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو اپنی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI کو 33 ارب ڈالر کی اسٹاک ڈیل کے ذریعے فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد مسک کی مختلف کمپنیوں کو آپس میں یکجا کرنا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس ڈیل کے نتیجے میں، xAI کی قیمت 80 ارب ڈالر اور ایکس کی قیمت 33 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ مسک نے اس اقدام کو ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا، جس میں مختلف کاروباری اداروں جیسے کہ ٹیسلا، اسپیس ایکس اور xAI کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا۔مسک کا کہنا تھا کہ اس انضمام سے گروک نامی مصنوعی ذہانت ماڈل کی تربیت میں مدد ملے گی، جسے xAI نے حالیہ برسوں میں تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ایکس کے پلیٹ فارم کو xAI کے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کو مزید تقسیم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، جو دونوں کمپنیوں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔