اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ گرین کارڈ رکھنے والے افراد کو امریکہ میں مستقل رہائش کی ضمانت حاصل نہیں ہے اور آئندہ مہینوں میں بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ گرین کارڈ ہولڈرز کو وہی حقوق حاصل نہیں جو امریکی شہریوں کو حاصل ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، اگر حکومت کسی کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ کرے تو اسے روکنے کے لیے کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ آزادیٔ اظہار سے زیادہ قومی سلامتی کا ہے۔ ان کے بقول، امریکی شہریوں اور گرین کارڈ رکھنے والے یا اسٹوڈنٹ ویزا پر مقیم افراد کے حقوق میں واضح فرق ہے۔
جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد میں 95 فیصد کمی آئی ہے اور اسٹوڈنٹ ویزا پر آنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسیاں اپنائی تھیں اور اب تک سینکڑوں افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔