بیجنگ(این این آئی)چین کے صدر شی جن پنگ نے اس ہفتے اپنے ملک کی افواج سے جنگ کے لیے اپنی تیاریوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا بیجنگ کی جانب سے تائیوان کے گرد بڑے پیمانے پر فوجی مشقوں کے چند روز بعد صدر شی نے فوج کو ہر طرح کی جنگ کے لیے تیار رہنے کو کہا۔
صدر شی نے چینی فوج کی میزائل فورس کے ایک بریگیڈ کا دورہ کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔شی نے کہا کہ فوج کو تربیت اور جنگی تیاریوں کو جامع طور پر مضبوط کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ فوجیوں کے پاس ٹھوس جنگی صلاحیتیں موجود ہیں۔صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ فوجیوں کو اپنی اسٹریٹجک ڈیٹرنس اور جنگی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔