اوٹاوا(این این آئی)کینیڈا اور بھارت نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ قتل کی تحقیقات میں بھارتی سفیر کا نام شامل کرنے پر سفارتی تنازع بڑ ھ گیا۔کینیڈا نے بھارتی حکومت کی تشدد مہم سے تعلق پر انڈین ہائی کمشنر سمیت 6 سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کردیا۔کینیڈین پولیس کا کہنا تھا کہ شواہد ہیں کہ بھارتی سفارت کار خفیہ سرگرمیوں کے لیے اپنی سرکاری حیثیت کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
بھارت نے جواب میں کینیڈین ہائی کمشنر سمیت 6 کینیڈین سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بھارت نے کینیڈین سفارت کاروں کو اپنا ملک چھوڑنے کے لیے 19 اکتوبر تک کا وقت دے دیا۔نئی دلی میں کینیڈین ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج بھی رکارڈ کرایا۔واضح رہے کہ خالصتان تحریک کے سرگرم حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو گذشتہ سال کینیڈا میں قتل کر دیا گیا تھا۔