ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے دفتر خارجہ نے سعودی شہری جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت
خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ ہم سعودی شہری مرحوم جمال خاشقجی کے گھنائونے قتل کے حوالے سے امریکی کانگریس کو پیش کی گئی رپورٹ کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور سعودی مملکت کی قیادت پر منفی، جھوٹے اور ناقابل قبول الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ اس رپورٹ میں غلط معلومات اور نتائج اخذ کیے گئے۔بیان کے مطابق وزارت خارجہ کو اس امر کا یقین ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان شراکت مضبوط اور مستحکم ہے۔ یہ گذشتہ آٹھ عشروں کے دوران ٹھوس بنیادوں پر مرتکز رہی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت ایک دوسرے کے احترام کی بنیاد پر قائم ہے۔ دونوں ملکوں کے ریاستی ادارے مختلف شعبوں میں شراکت کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔ خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور زبردست یکجہتی پیدا کیے ہوئے ہیں۔ دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کی سٹریٹجک شراکت کا طاقتور ڈھانچہ تشکیل دینے والی یہ مضبوط بنیادیں برقرار رہیں۔