واشنگٹن (این این آئی)امدادی تنظیم آکسفیم نے کہاہے کہ اگر دنیا میں بھوک و افلاس اور معاشی بدحالی کی موجودہ صورتِ حال جاری رہتی ہے اور اسے درست کرنے کے لیے کچھ نہ کیا گیا تو اس سال کے آخر تک بھوک سے روزانہ 12 ہزار افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق آکسفیم کے عہدے دار ایرک مونوز کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم نے یہ رپورٹ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تخمینوں کی بنیاد پر تیار کی ہے
جن میں کہا گیا ہے کہ اگر اس انسانی بحران کو روکنے کے لیے ابھی سے اقدامات نہ کیے گئے تو اس سال کے آخر تک مزید 12 کروڑ سے زیادہ لوگ شدید بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آکسفام نے اپنی رپورٹ میں ایسے 10 مقامات کی نشاندہی بھی کر دی ہے جہاں غذائی قلت کا شدید خطرہ ہے اور وہاں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان میں یمن، شام اور سوڈان جیسے علاقے شامل ہیں۔