اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی بڑھنے کے بعد چین بنگلہ دیش کو لبھانے میں بہت تیزی دکھا رہا ہےجو کہ نہ صرف بھارت کا ہمسایہ بلکہ مضبوط اتحادی بھی ہے۔چین کے اشارے پر نیپال نے اپنی نقشے میں تبدیلی کرکے بھارتی علاقوں کو اپنے ملک میں شامل کر لیا۔ایسے میں جب بھارت مختلف طرح کے اقدامات کے ذریعے اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کی تیاری کر رہا ہے ، جس میں چین کو معاشی نقصان پہنچانا بھی شامل ہے۔
ایسے میں چین کی طرف سے بنگلہ دیش کو اس کی پانچ ہزار 161 درآمدی مصنوعات پر ٹیرف میں 97 فیصد کمی کی پیشکش کر دی گئی ہے۔بنگلہ دیش نے چین سے ٹیرف میں کمی کی درخواست کر رکھی تھی جس میں بنیاد اس بات کو بنایا گیا تھا کہ بنگلہ دیش ایک ترقی پذیر ملک ہے چنانچہ اس کے لیے ٹیرف کم ہونا چاہیے۔تاہم چین نے وادی گلوان میں ہونے والی جھڑپ کے اگلے روز بنگلا دیش کی درخواست منظور کرلی اور اس کی پانچ ہزار سے زائد مصنوعات پر ٹیرف میں 97 فیصد کمی کی پیشکش کر دی گئی ہے۔