جنیوا (این این آئی)یورپی ممالک سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ایک 3 اسٹار ہوٹل نے بے گھر خواتین کو ٹھکانہ فراہم کرنے کا عزم کیا ہے اور ہوٹل کے 20 کمروں کو بے گھر خواتین اور نوجوان کیلئے مختص کیا گیا ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے تمام تر عوامی تقریبات منسوخ ہونے کے
ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کے باعث جنیوا کے ایسپیرینس ہوٹل نے بے گھر خواتین اور نوجوانوں کو مسکن فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔ہوٹل میں رہنے والی 16 سالہ نوجوان صوفیانے رحمانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے وہ سڑکوں اور گلیوں میں اپنی زندگی گزار رہی تھی لیکن اب اس ہوٹل میں ان کا اپنا الگ کمرہ اور باتھ روم ہے اور یہاں وقت پر کھانا بھی ملتا ہے۔ہوٹل کے سربراہ نے بتایا کہ جیسے ہی سوئٹزرلینڈ میں تمام تر عوامی تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی تو ہمارے ہوٹل کی 90 فیصد بکنگ منسوخ ہوگئی تھیں اور ہمارا ہوٹل خالی ہوگیا تھا۔ہوٹل کی یہ بلڈنگ ماضی میں 60 سال سے بے گھر افراد کا آشیانہ تھی تاہم 1996 میں اسے ایک 3 اسٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا تھا اور یہاں ایک دن رہنے کے لیے صارف کو 620 ڈالر کی قیمت ادا کرنی ہوتی ہے۔