سیول(این این آئی)کورونا وائرس جیسی وبا کو محض 20 دنوں میں کنٹرول کرنے والے ایشیائی ملک جنوبی کوریا میں بڑے پیمانے پر کاروبار زندگی بحال کرتے ہوئے مذہبی مقامات اور کھیلوں کے میدانوں کو بھی کھول دیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق
جنوبی کوریا کی حکومت نے 20 اپریل سے بڑے پیمانے پر کاروبار زندگی کو بحال کرتے ہوئے مذہبی عبادت گاہوں اور کھیل کے میدانوں کو بھی کھول دیا جب کہ سماجی فاصلے جیسی ہدایات میں بھی نرمی کردی۔بڑے پیمانے پر کاروبار زندگی بحال ہوتے ہی جنوبی کوریا کے شاپنگ مال، تفریحی مقامات اور کام کی جگہوں پر رش دیکھا گیا اور لوگ چند ہفتوں بعد خوف کے بغیر ملتے اور کام کرتے دکھائی دیے۔حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروبار زندگی بحال کیے جانے کے بعد متعدد نجی کمپنیوں اور اداروں نے بھی گھر سے بیٹھ کر کام کرنے والی پالیسی کو ختم کرتے ہوئے تمام ملازمین کو کام پر آنے کی ہدایت کردی۔جہاں جنوبی کوریا کی متعدد کمپنیوں نے ملازمین کو کام پر آنے کی ہدایات کی ہیں، وہیں کئی کمپنیوں نے ملازمین کو اپنی سہولت کے مطابق دفتر یا گھر سے بھی کام کرنے کی اجازت دی ہے، تاہم چند ہفتوں تک گھروں میں رہنے کی وجہ سے لوگ دفتر جاکر کام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔