ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت ملک میں بازار اور کروباری مراکز بند کرنے اور فضائی سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت ، کمیونٹی پروٹیکشن اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسس اتھارٹی نے تمام تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور کھلی منڈیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اس پابندی کا اطلاق مچھلی کی دکانوں، ، سبزیوں، خوراک، ادویات اور گوشت فروخت کی دکانوں پر نہیں ہوگا۔ دریں اثناء متحدہ عرب امارات کی شہری ہوا بازی کی جنرل اتھارٹی نے تمام پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل رکھنے کا اعلان کیا۔وزارت صحت ، کمیونٹی پروٹیکشن اور نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ فوڈ آؤٹ لیٹس کوآپریٹو سوسائٹیز ، گروسری ، سپر مارکیٹ اور فارمیسیوں کو دو ہفتوں کے لیے جانچ پڑتال کے بعد کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔امارات میں ریستورانوں میں لوگوں کو ٹھہرانے پرپابندی عاید کی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات میں دو ہفتوں کے لیے تمام پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اعلان کے 48 گھنٹوں کے اندر اندر اس پرعمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔امارات کی سول ایوی ایشن کے جنرل اتھارٹی نے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلے میں وزارت صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن کی سفارشات کے مطابق تمام احتیاطی اور حفاظتی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ضروری کارگو اور انخلا کی پروازیں شامل نہیں ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ مسافروں ، فلائٹ عملے اور ہوائی اڈے کے عملے کو انفیکشن کے خطرات سے بچانے کے لیے پروازیں معطل کی گئی ہیں۔ کرونا وائرس سے بچائو کے لیے اقدامات اور صحت سے متعلق یقین دہانی کے حصول کے بعد ہی فضائی سروس بحال کی جائے گی۔