واشنگٹن(این این آئی)مغربی ذرائع ابلاغ اور سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں میں ایران نے دانستہ طورپر امریکی فوج کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مغربی انٹیلی جنس ذرائع،امریکی اور یورپی سفارتی ذرائع نے بتایاکہ ایران نے گذشتہ روز امریکی فوجی اڈوں پر کیے گئے حملوں میں امریکی فوج کو کم سے کم جانی
نقصان پہنچانے کی پالیسی اپنائی تھی۔ایک ذریعے نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بدھ کے روز ایرانیوں نے جان بوجھ کر امریکی افواج پر حملہ کیا تاکہ ایران کے عزم کے پیغام کے ساتھ اس بحران کو بے قابو ہونے سے روکا جا سکے۔واشنگٹن کے ایک ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی اشارے سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی فوج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے جبکہ دیگر امریکی عہدیداروں نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔