واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے دو سینئر رہنماں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر دس ملین ڈالر تک کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے تحت کام کرنے والے ایک ادارے نے یہ اعلان واشنگٹن میں کیا۔ اس محکمے نے سعد بن عاطف العولقی کے بارے میں معلومات پر چھ ملین اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں
معلومات فراہم کرنے پر چار ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ العولقی یمن کے ایک صوبے میں القاعدہ کا رہنما ہے اور امریکا پر حملوں کی کئی بار سرعام ترغیب دے چکا ہے۔ دہشت گردوں کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے شروع کردہ انصاف کے لیے انعام نامی امریکی حکومت کے اس پروگرام کے تحت پچھلے پینتیس برسوں میں ڈیڑھ سو ملین ڈالر کی رقوم بطور انعامات دی جا چکی ہیں۔