واشنگٹن(این این آئی)امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں امریکی فوج کی کارروائی میں مارے گئے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی تفصیلات فراہم کرنے والے پیغام رساں کو متوقع طور پر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔امریکی اخبار کے مطابق پیغام رساں داعش کا اہم رکن تھا جس نے بغدادی کو شام کے اطراف میں آنے جانے اور چھپے رہنے کے لیے ٹھکانے کی تعمیر میں ان کی مدد کی۔
رپورٹ کے مطابق پیغام رساں جب کارروائی کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تو جائے وقوع پر ہی موجود تھا اور دو روز بعد انہیں اہل خانہ سے الگ کردیا گیا۔پیغام رساں کی شناخت ظاہر کیے بغیر انعام کے حوالے سے اخبار کا کہناتھا کہ تفصیلات فراہم کرنے والے کو انعام کے طور پر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دیا جائے گا جو امریکا نے البغدادی کے سرکی قیمت مقرر کی تھی۔ پیغام رساں بغدادی کی نقل و حرکت کے علاوہ شام میں ان کی آخری پناہ گاہ کے ایک،ایک کمرے سے بھی واقف تھا۔اخبار نے دعویٰ کیا کہ ذرائع کا کہنا تھا کہ پیغام رساں ایک عرب ہے جو ایک رشتہ دار کو داعش کی جانب سے قتل کیے جانے کے بعد ان کے مخالف بن گئے تھے اور ان تک رسائی کرد انٹیلی جنس کے ذریعے کی گئی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کردوں نے ان کو امریکیوں کے حوالے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے یقین دلانے کے کئی ہفتے گزارے اور گزشتہ ماہ ہی کارروائی کے لیے موقع ترتیب دیا گیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ ان کی فوج نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو شام میں ایک کارروائی میں ہلاک کردیا ہے۔