واشنگٹن(این این آئی )امریکا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایران کو خون کا پیاسا قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ مل کر تہران پر مزید دبائو ڈالیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب کی تنصیبات پر حملے کے بعد دیگر ممالک امریکا کا ساتھ دیں تاکہ تہران پر دبائو ڈالا جا سکے۔امریکی صدر نے کہا کہ ایک راستہ امن کا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ ہمت والے ہی امن کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔جنرل اسمبلی سے خطاب
میں انہوں نے کہا کہ ہم مخالفین نہیں بلکہ پارٹنرز چاہتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جب تک ایران کا پرخطر آمیز رویہ رہے گا، اقتصادی پابندیاں ختم نہیں ہوں گی بلکہ ان میں مزید سختیاں ہوں گی۔جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنا دھمکی آمیز رویہ اختیار رکھا اور کہا کہ چار دہائیوں پر مشتمل ناکامیوں کے بعد اب ایرانی قیادت کو آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایران دیگر ممالک کو دھمکی دینا بند کرے اور اپنے ملک میں ترقی کے لیے توجہ مرکوز کرے۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ان تمام ممالک سے دوستی کرنے کے لیے تیار ہے جو امن اور عزت چاہتے ہیں۔