دبئی(سی پی پی )دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں صاحبزادوں کے نکاح کی رسم بڑی سادگی سے 16مئی کو انجام پائی تھی ۔اس سادہ مگر پروقار تقریب میں شیخ محمد بن راشدالمکتوم کے 36 سالہ بیٹے اور دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد
کا نکاح شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم سے ہوا۔ان کے چھوٹے بھائی اور دبئی کے نائب حکمران 35 سالہ شیخ مکتوم بن محمد شیخہ مریم بنت بتی المکتوم سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جبکہ تیسرے بیٹے اور نالج فانڈیشن کے چیئرمین 32 سالہ شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کا نکاح شیخہ مدیہ بنت دلموج المکتوم کے ساتھ ہواہے۔تاہم اب ان کی شادی کی باقاعدہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ ان تینوں صاحبزادوں کی شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔ عربی میں تحریر کردہ اس کارڈ میں شادی کی تاریخ اور مقام لکھا ہوا ہے۔ کارڈ کے مطابق شادی کی تقریب 6 جون 2019 کودبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگی۔اس تقریب کے لیے بھرپور انداز سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کے شاہی محل کو رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔ جس کی مختلف ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہیں جبکہ اس ویڈیو کے پس منظر میں دبئی کا آئیکونک ٹاور بھی نظر آرہا ہے۔ عوام شادی کی اس تقریب کے انعقاد کے حوالے سے بہت پرجوش نظر آتے ہیں اور اس پر سوشل میڈیا میں تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر سے متعددفلمی ستاروں اور مشہور سیاسی و کاروباری شخصیات کی جانب سے شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ان کے بیٹوں کو مبارک باد کے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔