الجیریا(این این آئی)افریقی ملک الجزائر کی فوج کے سربراہ احمد قائد صالح نے ملکی صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ سے اپنا عہدہ چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز جاری اپنے ایک بیان میں الجزائر کے آرمی چیف نے کہاکہ اس حوالے سے آئین کا وہ آرٹیکل استعمال کیا جا سکتا ہے، جو طبی وجوہات کی بنیاد پر کسی بھی رہنما کے اس عہدے پر فائز رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔
آرمی چیف کے مطابق صدر کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے ابھی تک پرامن ہیں لیکن اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جانا بہت ضروری ہے۔ بیاسی سالہ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ گزشتہ بیس برسوں سے اس ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں اور ان کے خلاف ایک ماہ سے زائد عرصے سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ قبل ازیں صدر نے اپریل میں ہونے والے انتخابات غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دئیے تھے۔