اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے ہاتھ سے رنر اپ کا چیک پھینکنے کے حوالے سے اصل حقیقت سامنے آگئی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سلمان علی آغا نے ایشین کرکٹ کونسل کے نمائندے امین الاسلام بلبل (جو بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر ہیں) سے رنر اپ کا چیک لیا اور فوراً ایک طرف رکھ دیا، جسے بھارتی میڈیا نے منفی انداز میں پیش کیا۔
بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی کپتان نے مبینہ طور پر ایک بھارتی مہمان کی بے عزتی کرنے کے لیے چیک کو سب کے سامنے پھینکا، کیونکہ بھارتی ٹیم نے بھی اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔تاہم تحقیقات کے بعد واضح ہوا کہ جس شخصیت کو بھارتی قرار دیا جا رہا تھا وہ دراصل بنگلادیشی عہدیدار تھے۔ مزید یہ کہ سلمان علی آغا نے دانستہ طور پر چیک نہیں پھینکا بلکہ پریزنٹر کی جانب سے فوراً آگے آنے کے اشارے پر انہوں نے جلدی میں چیک کو ایک طرف رکھنے کی کوشش کی، جو دیکھنے والوں کو پھینکنے کے مترادف لگا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل کے دوران بھارتی ٹیم نے ٹرافی کی تقسیم میں تاخیر اس وقت پیدا کی جب انہوں نے اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے گریز کیا تھا۔