اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ “میرا پانی، میرا پیسہ ہے، اس پر کسی کو اعتراض کیوں ہوتا ہے؟ پنجاب کو غیر ضروری مشورے دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔”فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ پارٹی قیادت ڈٹ کر کھڑی رہی اور رانا ثنا اللہ پر جھوٹا منشیات کیس بنایا گیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب عوام کو جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ چھوٹے اور بڑے شہروں میں الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں جن کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں پر بوجھ نہ بڑھے۔ فیصل آباد ڈویژن کے لیے 150 الیکٹرک بسیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ میٹرو منصوبے کا آغاز بھی جلد ہوگا۔
ان کے مطابق وہ وقت قریب ہے جب فیصل آباد ترقی میں لاہور سے آگے نکل جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ راولپنڈی میں جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ جھنگ اور چنیوٹ کو بھی الیکٹرک بسوں کی سہولت دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ مثبت تنقید کو خوش آمدید کہتی ہیں لیکن پنجاب اور یہاں کے عوام پر بلاجواز اعتراضات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ “ملک میں جتنے بڑے ترقیاتی منصوبے ہیں، ان کے پیچھے نواز شریف اور شہباز شریف کا کردار تاریخ یاد رکھے گی۔”مریم نواز نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دوسروں کو جوتا اور سیاہی پھینکنے پر اکساتے تھے، آج وہ خود ایک دوسرے پر جوتے برسا رہے ہیں۔ ہماری توجہ عوامی خدمت پر ہے اور قدرت ان کے ساتھ انصاف کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سندھ میں کوئی منصوبہ بنتا ہے تو خوشی ہوتی ہے لیکن پنجاب کی ترقی پر کچھ لوگوں کو تکلیف کیوں ہوتی ہے؟ این ایف سی ایوارڈ کے تحت سب صوبوں کو برابر فنڈز ملتے ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ دوسرے صوبے اپنے وسائل کہاں خرچ کرتے ہیں؟وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ اپنے وسائل عوام کی فلاح پر لگائے ہیں۔ “میں نے پانی چوری نہیں کرنا بلکہ اسی پانی سے چولستان کی زمین آباد کرنی ہے۔ جہاں پنجاب کے عوام کے حق کی بات آئے گی، میں خاموش نہیں بیٹھوں گی۔”