ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ایک نیا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ یمن کے صوبے صعدہ میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا جانے والا بیلسٹک میزائل مار گرایا گیا جو کہ جازان کی سمت جا رہا تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ میزائل دانستہ طور پر گنجان آباد
علاقے کی جانب داغا گیا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کرنل ترکی المالکی نے حوثیوں کی طرف سے شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں 2231 اور 2216 کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا۔ترجمان کے مطابق ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے اب تک سعودی عرب پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی تعداد 196 ہو چکی جس کے سبب مملکت میں 112 شہری اور مقیم افراد جاں بحق ہوئے جب کہ سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے۔