عدن (انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کی مدد سے یمنی فوج نے ساحلی شہر الحدیدہ کو دارالحکومت صنعاء سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور ان دونوں شہروں پر قابض حوثی گروپ کے ایک اہم سپلائی روٹ کو منقطع کردیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے گذشتہ ہفتے کے روز جنیوا میں امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد
حوثی ملیشیا کے خلاف الحدیدہ میں نئی کارروائی شروع کی تھی ۔حوثیوں نے مختلف حیلے بہانے تراش کر ان مذاکرات میں شرکت ہی نہیں کی تھی۔عرب اتحاد قبل ازیں متعدد مرتبہ یہ بات کہہ چکا ہے کہ الحدیدہ پر کنٹرول کے بعد وہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی تحریک کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کردے گا۔عرب اتحاد کے ایک ذریعے نے بتایا کہ الحدیدہ سے صنعاء کی جانب جانے والے مرکزی راستے کو بند کر دیا گیا ۔متحدہ عرب امارات کی فورسز کی مدد سے یمنی فوج نے دونوں شہروں کے درمیان شاہراہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ۔الحدیدہ کے مکینوں نے بتایا کہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں کے حملوں میں شہر کے مرکزی داخلی دروازے کو نقصان پہنچا ہے اور مرکزی شاہراہ کے ساتھ واقع ذیلی شاہراہوں پر اب بھی یمنی فوج اور حوثیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔اس مرکزی شاہراہ کی بندش کے باوجود الحدیدہ سے بعض ایسی بغلی شاہراہیں بھی نکلتی ہیں جہاں سے سامان رسد کو مغربی ساحلی علاقے سے شمال میں واقع صنعاء تک پہنچایا جاسکتا ہے۔