جنیوا(انٹرنیشنل ڈیسک)یمن کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب مارٹن گریویتھ نے کہا ہے کہ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایران نواز حوثی باغی جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں۔ حوثی باغیوں اور عالمی سفارت کاروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور کوشش ہے کہ جنیوا میں ہونے والے اجلاس کو کامیاب بنایا جاسکے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز جاری کئے گئے
ایک بیان میں گریویتھ کا مزید کا کہنا تھا کہ یمن میں متحارب فریقین کے درمیان اعتماد سازی کے لیے مشاورت کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں قیدیوں کا تبادلہ، انسانی کوری ڈور کا قیام، صنعاء ہوائی اڈے کو کھولنے اور اقتصادی امور کی تجاویز شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یمنی حکومت کا نمائندہ وفد جنیوا میں موجود ہے مگر حوثی باغیوں کے کسی وفد نے تا حال مذاکرات میں شرکت نہیں کی ہے۔