استنبول(آئی این پی)ترکی کے وزیر توانائی فاتح دون میز کا کہنا ہے کہ ترکی ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترکی کے وزیر توانائی فاتح دون میز کا کہنا ہے کہ ترکی رسد کے طویل المدت معاہدے کے تحت ایران سے قدرتی گیس کی خریداری جاری رکھے گا۔بدھ کے روز ترکی کے ایک ٹی وی چینل A Haber پر نشر ہونے والے انٹرویو میں دونمیز نے بتایا کہ ایران کے ساتھ مذکورہ معاہدہ 2026 تک جاری رہے گا اور
اس کے تحت مجموعی طور پر 9.5 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کی جائے گی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ دھمکی دے چکے ہیں کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ لین دین کرنے والی کسی بھی کمپنی یا ملک کے ساتھ امریکا کے تجارتی معاملات روک دیے جائیں گے۔دریں اثناء امریکی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں اپنا برتاؤ تبدیل کرے،امریکا تہران کے برتاؤ میں تبدیلی اور دہشت گردی کی عدم حمایت دیکھنا چاہتا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے تہران پر پابندیوں کے پیکج کے لاگو ہونے کے ایک روز بعد امریکی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں اپنا برتا تبدیل کر لے۔وزارت خارجہ کی ترجمان ہیذر نوورٹ نے ایک پریس کانفرنس میں تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلا رہا ہے اور اپنے عوام پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔اس سے قبل امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ ایران دہشت گردی کی سپورٹ، مشرق وسطی میں معاندانہ سرگرمیوں اور میزائل اور جوہری پروگراموں سے وسیع پیمانے پر پیچھے ہٹ جائے۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنا مال سماجی خدمات پر خرچ کرنے کے بجائے دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال میں لا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایک ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو صرف جوہری پروگرام سے متعلق نہ ہو بلکہ تہران کا برتا اور اس کا بیلسٹک میزائل پروگرام بھی اس میں شامل ہو۔



















































