ابو ظہبی(سی پی پی)ڈیپارٹمنٹ آف اکنامک ڈویلپمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ 2018 کی پہلی ششماہی کے دوران معروف برانڈز کے نام پر ناقص اور جعلی اشیا فروخت کرنے والے 4,879 سوشل میڈیا اکانٹس بند کر دیئے گئے۔ ان بند کیے گئے اکانٹس پر صارفین کی تعداد تین کروڑ پینتیس لاکھ سے بڑھ گئی تھی۔
ڈیپارٹمنٹ کے ذیلی شعبے انٹلیکچول پراپرٹی رائٹس پروٹیکشن مینجمنٹ کے ڈائریکٹر ابراہیم بہزاد نے بتایا آج کل جعلی اور ناقص اشیا کی فروخت میں ملوث افراد کے لیے سوشل نیٹ ورکنگ اکانٹس بہت مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔تاہم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ان اکاؤنٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے کیونکہ دنیا بھر میں دبئی کی پہچان ایک صاف شفاف تجارتی مرکز کی ہے۔فراڈیئے قسم کے لوگوں کی ایسی حرکات سے متحدہ عرب امارات کے تجارتی تشخص کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ بہزاد نے مزید بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم انٹلیکچوئل پراپرٹی پروٹیکشن کو یقینی بنانے کے لیے سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر چوبیس گھنٹے نگرانی رکھے ہوئے ہے۔جعلی اشیا کی فروخت کے ذمہ دار سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش کے سلسلے میں لا فرمز اور ٹریڈ مارک اونرز کی جانب سے مکمل تعاون کیا گیا۔ تیس ویب سائٹس بھی ناقص اور جعلی اشیا کی فروخت کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔ بہزاد نے صارفین پر زور دیا کہ وہ ایسے آن لائن اکاؤنٹس کی تشہیر سے فورا متاثر نہ ہوں کیونکہ ان کی پراڈکٹس کے باعث صارف کی صحت اور سیفٹی پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اگر کسی صارف کو ناقص شے کی آن لائن خریداری کے باعث مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑے تو وہ ڈیپارٹمنٹ کے نمبر 600545555 پر فون کر کے متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ یا ویب سائٹ کے بارے میں اطلاع دے سکتا ہے یا پھر ڈیپارٹمنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے اپنی شکایت درج کر سکتا ہے۔



















































