اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) متحدہ عرب امارات کی حکومت کا غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے لئے ایمنسٹی عام معافی کی سکیم کا اعلان ،میڈیا رپورٹس کے مطابق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے OPCمڈل ایسٹ کے کوآرڈی نیٹرکیپٹن عاصم ملک نے بتایا کہ اس سکیم سے امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دبئی قونصلیت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
تاہم اگر کسی بھی پاکستانی کو اس سلسلہ میں دشواری کا سامنا ہو یا مزیدمعلومات درکار ہوں تو وہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے کوآرڈی نیٹر سے 00971567777860پر رابطہ کر سکتے ہیں۔اس سہولت سے 3 ماہ تک فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ دریں اثنا مارات میں مقیم غیر قانونی تارکین کو قیام اور کام کو قانونی بنانے یا ملک چھوڑنے کے لئے دی جانے والی مہلت کا آغاز کل یکم اگست سے ہوگا۔ محکمہ اقامہ و تارکین کے معاملات نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ توقع ہے کہ روزانہ 3ہزار غیر قانونی تارکین کے معاملات نمٹائے جائیں گے۔ محکمہ اقامہ کے سربراہ جنرل محمد المری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ غیر قانونی تارکین کے معاملات دیکھنے کیلئے العویر علاقہ میں خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے ۔ جہاں ملک کے مختلف مراکز میں لے جانے کے لئے شٹل بس سروسکا اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکز میں روزانہ 3افراد کے معاملات نمٹانے کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا امارات میں قیام اور کام کسی وجہ سے غیر قانونی ہوگیا ہے وہ مجرم نہیں نہ ہی قانون کو مطلوب ہیں۔ حالات نے ان کا قیام اور کام غیر قانونی بنادیا۔ حکومت انہیں موقع فراہم کر رہی ہے کہ وہ دوبارہ اپنے قیام اور کام کو قانونی بنائیں۔اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔جو لوگ مہلت سے فائدہ اٹھاکر واپس چلے جائیں گے انہیں بلیک لسٹ نہیں کیا جائے گا۔
وہ جب چاہیں دوسرے ویزے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہلت میں وطن واپس جانے والوں کو جرمانوں اور سزاؤں سے مستثنیٰ کیا جائے گا۔ جو لوگ وزٹ ویزے پر آکر یہاں ٹھہر گئے وہ 500درہم فیس جمع کرکے 6ماہ کا اقامہ لے سکتے ہیں۔ ان سے کفیل کا مطالبہ نہیں ہوگا۔ اس عرصے کے دوران وہ مناسب ملازمت تلاش کرلیں۔ اگر انہیں مناسب ملازمت مل جاتی ہے تو وہ کفالہ تبدیل کروائیں ورنہ وطن واپس چلے جائیں۔