ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)حج انتظامیہ کی جانب سے حج موسم کے اختتام تک تارکین اور اْن کی گاڑیوں پر مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روڈ سیکیورٹی اسپیشل فورس نے واضح کیا کہ حج موسم کے اختتام تک سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی صرف تین صورتوں میں مکہ مکرمہ جانے کے مجاز ہوں گے۔پہلی صورت یہ ہے کہ مقیم غیر ملکی کے پاس حج اجازت نامہ ہو۔
دوسری صورت یہ ہے کہ اس کا اقامہ مقدس شہر سے جاری ہوا ہو اور تیسری صورت یہ ہے کہ متعلقہ اداروں نے حج موسم کے دوران مشاعر مقدسہ میں ڈیوٹی دینے کیلئے اجازت نامہ جاری کرایا ہو۔گزشتہ برس حج موسم کے دوران غیر قانونی طریقے سے مکہ مکرمہ جانے والے تقریباً پونے 6 لاکھ غیر ملکیوں اور ڈھائی لاکھ گاڑیوں کو چیک پوسٹوں سے واپس کیا گیا تھا اور حج کے بعد اْن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی تھی۔