صوفیہ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ چین کی اصلاحات کی پالیسی اور کھلے پن کے عزم میں تبدیلی نہیں آئیگی،چین کا دروازہ مزید کھلے گا ،چین وسطی و مشرقی یورپ سمیت تمام ممالک کو زیادہ بڑی منڈی فراہم کرے گا۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ اور وسطی و مشرقی یورپ کے سولہ ملکوں کے رہنماوں نے بلغاریا کے صدر مقام صوفیہ میں چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک کے آٹھویں اقتصادی و تجارتی فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک کا ایک اور سولہ تعاون دونوں فریقوں اور یورپی یونین کی متوازن ترقی اور یکجہتی کے لیے فائدہ مند ہے۔چین اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا کر متعلقہ ملکوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی اقتصادی ترقی کا رجحان برقرار رہے گا۔ چین کی اصلاحات کی پالیسی اور کھلے پن کے عزم میں تبدیلی نہیں آئیگی۔چین کا دروازہ مزید کھلے گا اور چین وسطی و مشرقی یورپ سمیت تمام ممالک کو زیادہ بڑی منڈی فراہم کرے گا۔