برلن(انٹرنیشنل ڈیسک)جرمن چانسلر انجیلا میرکل چودہ ممالک کے ساتھ ایک ڈیل کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو گئی ہیں، جس کے تحت یہ ممالک جرمنی میں موجود مہاجرین کو فوری طور پر واپس اپنے ممالک بلوانے پر رضا مند ہو گئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر میرکل نے وسیع تر مخلوط حکومت میں شامل سیاسی پارٹیوں کو ایک خط ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ چودہ یورپی ممالک جرمنی میں موجود مہاجرین کو فوری طور پر واپس لینے پر متفق ہو گئے ہیں۔آٹھ صفحات پر مشتمل اس خط میں اتحادیوں کو اس ڈیل کے بارے میں سرکاری طور پر مطلع کیا گیا ہے۔جرمنی کی وسیع تر مخلوط حکومت میں میرکل کی سیاسی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو)کے علاوہ باویریا میں اس کی ہم خیال کرسچن سوشل یونین (سی ایس یواور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ اس ڈیل کے تحت یہ چودہ ممالک ایسے مہاجرین کو قبول کرنے کو تیار ہیں، جو اس وقت جرمنی میں داخل ہونے کی کوشش میں ہیں یا پہلے سے ہی یہاں موجود ہیں۔ساتھ ہی میرکل نے یہ بھی تسلیم کر لیا ہے کہ ایسے مہاجرین جو پہلے کسی اور یورپی ملک میں پناہ کی درخواست جمع کرا چکے ہیں، انہیں ملکی سرحدوں پر قائم کردہ بڑے اینکر سینٹرز میں رکھا جائے گا اور وہیں ان کی درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔