ماسکو(این این آئی)روس نے کی جانب سے اپنے نئے روبوٹ ٹینک کا انکشاف کیا گیا ہے جس کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ماسکو میں وکٹری ڈے کے موقع پر منعقد کی جانے والی عسکری پریڈ میں دیگر جدید ترین ہتھیاروں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ وکٹری ڈے 1945ء میں دوسری جنگ عظیم میں جرمن نازیوں کی ہزیمت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
روس کے مذکورہ ٹینک کا نام اڑان 9 ہے اور اسے توپ ، ٹینک شکن میزائل اور خود کار بندوق سے لیس کیا گیا ہے۔ روس کا دعوی ہے کہ شامی اراضی میں عسکری کارروائیوں کے دوران اس ٹینک کا تجربہ کیا گیا۔ یہ ٹینک زمین سے فضا میں مار کرنے والے کئی میزائل رکھ سکتا ہے۔ اس طرح فوجی ہیلی کاپٹروں اور لڑاکا طیاروں کے خطرے سے بھی نمٹا جا سکتا ہے۔روس کے نائب وزیر دفاع یوری بوریسوف نے مقامی اخبار کو بتایا کہ اڑان 9 ٹینک کو تقریبا تین کلو میٹر کی دْوری سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ اڑان 6کو بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا جو بارودی سرنگیں صاف کرنے والا ایک روبوٹک نظام ہے۔ اس نظام کو شام میں تدمر، حلب وار دیر الزور میں استعمال کیا گیا۔ بوریسوف کے مطابق اڑان 6 کو ایک کلو میٹر کی دْوری سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔عسکری پریڈ میں ڈرون طیارہ کورسار اور ڈرون ہیلی کاپٹرکٹران کو بھی پیش کیا گیا۔روس دیگر عسکری ساز و سامان بھی منظر عام پر لایا ہے۔ ان میں جدید ترین اسٹیلتھ طیارہ اور کنزہال میزائلوں سے لیس مگ 31 طیارہ شامل ہے۔