اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا کے 92سالہ مہاتیر محمد نے انتخابی معرکہ سر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشین الیکشن کمیشن کے مطابق ملائیشیا میں ہونے والے عام انتخابات میںملائیشیا کے سابق وزیراعظم 92 سالہ مہاتیر محمد نے عام انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کر لی ہے،مہاتیر محمد اور ان کے اتحادی نے ایک سو پندرہ نشستیں لے کر میدان مار لیا۔حکمراں جماعت اناسی نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر رہی۔تاہم بعض نشستوں پر گنتی کا عمل جاری ہے۔سرکاری نتائج کے مطابق ملائیشیا میں
حکومت بنانے کیلئے 112 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد نے 115 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 92 سالہ مہاتیر محمد نے 60 سال سے اقتدار میں رہنے والے بریسن نیشنل اتحاد کو شکست دیدی ہے۔اس موقع پر مہاتیر محمد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہم بدلہ نہیں چاہتے، ہم قانون کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں حلف برداری کی تقریب جمعرات کو ہو گی جس کے بعد مہاتیر محمد دنیا کے معمر ترین منتخب رہنما بن جائیں گے۔