اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا نے ایٹمی پروگرام سے دستبردار اور ایٹمی ہتھیار ضائع کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کئی دہائیوں سے امریکہ کی خوفناک اور سنگین ترین دھمکیوں کو خاطر میں نہ لانے والے شمالی کوریا نے اپنا ایٹمی پروگرام رول بیک کرنے اور ایٹمی ہتھیار ضائع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے یہ اعلان شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان کے حالیہ دورہ چین میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ غیر ملکی نیوز چینل کے مطابق
چین کا کہنا ہے کہ صدر کم جونگ ان کے حالیہ دورے کے دوران جب ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہو ئی تو بالآخر وہ اس بات پر تیا رہوگئے کہ وہ اپنے ایٹمی پروگرام کو روک دیں گے۔ شمالی کوریائی صدر کے خفیہ دورے کے دو دن بعد چین کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا کہ شمالی کوریائی صدر چین کے دورے پر آئے تھے اور چینی صدر سے ان کی ملاقات ہوئی تھی۔ صدر کم جونگ ان 2011ءمیں برسراراقتدار آئے لیکن گزشتہ سات سال کے دوران یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔