برسلز(این این آئی)یورپی یونین اور ترکی کے درمیان مہاجرین سے متعلق ڈیل کے خالق جرمن سیاسی مشیر گیرالڈ کناؤس نے اس معاہدے پر عمل درآمد پر تنقید کی ہے۔ اس ڈیل کے تحت ترکی اپنے ہاں سے تارکین وطن کو یونان پہنچنے سے روکنے کا پابند ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کناؤس نے کہا کہ اس ڈیل کی وجہ سے سینکڑوں تارکین وطن بحیرہء ایجیئن کے کناروں پر واقع شہروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
اور نہایت خستہ حالی کا شکار ہیں۔کناؤس نے کہا کہ ان کی تیار کردہ یہ ڈیل ایک طرح سے غیرفعال معلوم ہو رہی ہے اور اس کی وجہ سے بحیرہء ایجیئن میں واقع مختلف جزائر میں سینکڑوں تارکین وطن پھنس کر رہ گئے ،ہمیں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ سیاسی پناہ کی درخواستوں کو نمٹانے کے عمل میں شفافیت لانے کی ضرورت ہے اور یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کو محفوظ بناتے ہوئے تارکین وطن کو تیز رفتاری سے واپس بھیجنے یا انہیں تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک اس ڈیل پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہو گا، یورپی یونین تارکین وطن کو اپنی طرف کھینچتی رہے گی۔ جب تک تارکین وطن یورپ پہنچنے پر یہاں طویل قیام کرتے رہیں گے اور تیزی سے واپس نہیں بھیجے جائیں گے، مزید مہاجرین یورپ پہنچتے رہیں گے۔