برلن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اْن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ ملاقات کو امید کی ایک کرن قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے معلوم ہوتا ہے کہ پیانگ یانگ پر
عالمی پابندیاں اور متفقہ موقف کارگر ثابت ہوا ہے۔ میرکل کے بقول جزیرہ نما کوریا میں تناؤ میں کمی زبردست ہے۔ شمالی کوریا کے اتحادی ملک چین نے بھی اس نئی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کِم جونگ اْن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔