نئی دلی(آن لائن) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کی خالصتان تحریک کے سابق رہنما کے ساتھ تصویر سامنے آنے پر بھارتی میڈیا میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو فیملی سمیت ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر بھارت میں موجود ہیں جہاں انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ اور شخصیات سے ملاقاتیں کیں لیکن 20 فروری کو ممبئی میں خالصتان موومنٹ کے رہنما سے ان کی ملاقات کی تصویر پر بھارتی میڈیا نے ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔
کینیڈین ہائی کمیشن میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے اعزاز میں 20 فروری کو ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جیسپل اٹوال بھی شریک تھے اور کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ کے ساتھ ان کی ایک تصویر وائرل ہوگئی جس پر بھارتی سیاستدانوں سمیت میڈیا کی جانب سے ناگواری کا اظہار کیا جارہا ہے۔جیسپل اٹوال انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کے سابق ممبر رہ چکے ہیں جسے خالصتان تحریک کا عسکری ونگ قرار دیا جاتا ہے جب کہ ان پر 1986 میں ایک وزیر کے قتل کا بھی الزام ہے۔جیسپل اٹوال کینیڈین وفد کا حصہ ہیں جو وزیراعظم ٹروڈو کے ہمراہ بھارت سے آئے ہیں۔تصویر سامنے آنے پر سینیٹ (راجیا سبھا) کے رکن سبرامانیا سوامی نے کہا کہ یہ ہماری بیوقوفی ہے کہ ہم نے کسی کا پس منظر دیکھے بغیر بھارت آنے کی اجازت دی، اگر کینیڈین کہتے ہیں کہ ہم خالصتان تحریک کی حمایت نہیں کرتے تو انہوں نے کس طرح جیسپل اٹوال کو بھارت آنے کی اجازت دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق جیسپل اٹوال نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو کھانے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے مسترد کردیا جب کہ کینیڈین ہائی کمیشن نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے معذرت کی ہے۔