واشنگٹن(این این آئی)امریکا کو انقلابی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی سعودی عرب میں زیر عمل اصلاحات کی حمایت کرنی چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا کے ایک سینئر سفارت کار ڈینس راس نے ایک گفتگومیں کہی،انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں تبدیلی کے لیے مہم زیادہ قابل اعتبار ہے کیونکہ اس کی اٹھان ملک ہی سے ہوئی تھی اور یہ کسی غیر ملکی دباؤ کا نتیجہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں اصلاحات کے حوالے سے شکوک کا اظہار بیرون سے کیا جارہا ہے، اندرون سے نہیں ۔میرے دوروں اور وہاں عالمی مرکز برائے انسداد انتہاپسندی (اعتدال) کے ذمے داروں سے ملاقاتوں میں اس تبدیلی کا ا ندازہ ہوا تھا اور خواتین اور نوجوانوں کا کردار بھی نمایاں ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہزادہ محمد کی کامیابی ہی دراصل امریکا کی کامیابی ہے۔ ان کے تین ہفتے کے آیندہ دورہ امریکا ہمارے لیے ایک اچھا موقع ہے کہ ہم انھیں جن شعبوں میں مدد درکار ہے ، وہ فراہم کریں۔ہمیں ان کے ساتھ دیانت دار ہونا چاہیے۔