تیونسیا(آئی این پی)تیونس کے مفتی اعظم عثمان بطیخ نے کہا ہے کہ “ویلنٹائن ڈے” حرام نہیں اور اس کو منانا جائز ہے بشرط یہ کہ “اخلاقی حدود کو پار نہ کیا جائے”۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سخت گیر مبلغین کا اس کو نصاری کی تقلید قرار دینا درست نہیں ہے۔ اس لیے کہ ویلنٹائن ڈے کا براہ راست ان کے مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ جو چیز بھی لوگوں کو قریب لائے اور ان کو اکٹھا کرے وہ ایک ایک اچھا امر ہے۔
مفتی اعظم کے مطابق محبت اسلامی اقدار میں داخل ہے۔ اللہ کی محبت اسلام ہے اور اللہ سے محبت یہ ہے کہ آپ تمام انسانوں سے محبت کریں، اس سے دلوں میں موجود بغض اور کدورت کا خاتمہ ہو گا۔واضح رہے کہ تیونس کے مفتی اعظم عثمان بطیخ اندرونی اور بیرونی سطح پر اپنے متنازع مواقف کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل وہ “میراث میں مرد اور عورت کے مساوی حصوں” کے حوالے سے تیونس کے صدر الباجی قائد السبسی کے منصوبے کی تائید کر چکے ہیں۔ اس موقف کے سبب “تیونسی دیوانِ افتا” اور مصر کے ادارے “الازہر” میں بڑے مباحثے دیکھنے میں آئے تھے۔