لندن(این این آئی)برطانوی امدادی تنظیم آکسفیم کو اس وجہ سے شدید تنقید اور الزامات کا سامنا ہے کہ 2010ء میں ہیٹی میں آنے والے زلزلے کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں امدادی سرگرمیوں کے دوران اس تنظیم کے چند کارکن جنسی حوالے سے قابل اعتراض رویے کے مرتکب ہوئے تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی حکام نے بتایاکہ ان مبینہ غیر اخلاقی جنسی واقعات کے بعد خود آکسفیم نے مبینہ طور پر اپنے امدادی کارکنوں کے اس رویے پر پردہ ڈالنے کی کوشش بھی کی تھی۔ برطانوی وزارت برائے ترقیاتی امداد کے مطابق آکسفیم کے اعلیٰ عہدیداروں کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لندن حکومت نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اس تنظیم کے لیے سرکاری فنڈنگ ختم بھی کی جا سکتی ہے۔