لندن(سی پی پی ) برطانیہ نے غیر ملکی طلبا کے لئے نئی ویزا پالیسی بنالی جس کے تحت بیرون ملک سے آئے طلبہ تعلیم مکمل ہوتے ہی ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کراسکیں گے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اب بیرون ملک سے تعلیم حاصل کرنے کیلئے آنے والے طلبا ء تعلیم مکمل ہونے سے چند ماہ قبل ہی ورک ویزا کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ،غیر ملکی طالبعلموں کے لئے نئی پالیسی
کا اطلاق 11 جنوری 2018 سے ہوگا جس کے بعد برطانیہ میں زیرتعلیم غیر ملکی طالبعلم اپنی تعلیم مکمل کرنے سے پہلے ورک ویزا کی درخواست دے سکیں گے۔واضح رہے کہ میئر لندن صادق خان نے بھارت اور پاکستان کے اپنے حالیہ دورے کے موقع پر طالبعلموں کو برطانیہ میں داخلوں پر زور دیا تھا،جب کہ انہوں نے نئی پالیسی کی حمایت کی تھی اور برطانیہ جا کر انہوں نے بیرون ملک سے برطانیہ آنے والے طالبعلموں کی تعداد میں کمی کی جانب توجہ دلائی تھی۔