اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کا کہناہے کہ پاکستان کو نیچا دکھانے کی کوشش کی گئی تو بھارت کو چاہ بہار پورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چاہ بہار بندرگاہ کے افتتاح جو کہ ایرانی صدر نے کیا کے موقع پر پاکستان سے بھی وفد کو دعوت دی
گئی تھی، ایرانی صدر نے بندرگاہ کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کے وزیر حاصل بزنجو کو اپنے ساتھ کھڑا کیا، ایک موقر انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق سینئر ایرانی سفارتکارنے کہا کہ اس کا مقصد بالکل صاف تھا کہ ایران واضح پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ بھارت یا کسی دوسرے ملک کو پاکستان کے خلاف چاہ بہار بندرگاہ استعمال نہیں کرنے دے گا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے بھی ایران کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسے اتحاد کا حصہ نہیں بنے گا جو ایران کے مخالف ہو، اس کے جواب میں ایران نے بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ بھارت سمیت خطے کے کسی بھی ملک کو اجازت نہیں دے گا جس کا مقصد پاکستانی مفادات کو نقصان پہنچانا ہو۔ اس موقع پر ایرانی سفارتکار نے کہاکہ ایران کے صدر پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ چاہ بہار اور گوادر کی بندرگاہ مستقبل میں ایک دوسرے کی تکمیل کریں گی اور اس سلسلے میں ایک یادداشت پر دستخط بھی ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ چاہ بہار کے افتتاحی مرحلے پر بھارت نے اسے بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔