اسلام آباد(این این آئی) روس نے پاکستان کو چار ایم آئی 35 گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کر دیئے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر فوجی تعاون کی راہ ہموار ہوگئی۔پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے مطابق روس نے معاہدے کے تحت پاکستان کو چار ایم آئی 35 گن شپ ہیلی کاپٹر فراہم کر دیئے ٗ دونوں ممالک کے درمیان 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا یہ معاہدہ رواں برس ماسکو میں ہونے والے انٹرنیشنل ملٹری ٹیکنیکل فورم میں طے پایا تھا
جس پر جون 2016 میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ ماسکو کے دوران اتفاق رائے ہوا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے بریگیڈیر جنرل وحید ممتاز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فوج روس سے مزید اسلحہ خریدنے کیلئے تیار ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کو روس کی جانب سے اسلحے کی فراہمی پر بھارت نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس سلسلے میں روس سے بات کی جائے گی۔