ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان “ہاروی”نے تباہی مچادی،اب تک ہلاک افراد کی تعداد 18ہوگئی ہے۔امریکا کے شہر ہوسٹن میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا ئی ہوئی ہے،سمندری طوفان ہاروی کے سبب شدید بارشوں سے ہیوسٹن تقریبا پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کی اہلیہ امدادی کاموں کا جائزہ لینے ٹیکساس کےعلاقے کارپس کریسٹی پہنچے ہیں جہاں سب سے پہلے بارش ہوئی ہے، اب تک شہرمیں 30 انچ تک بارش ہوئی ہے،
جس سے سڑکیں دریاؤں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ہوسٹن شہر کے باہر دو بڑے آبی ذخائر میں گنجائش سے زیادہ پانی جمع ہونے کے سبب طغیانی آگئی ہے ،سیلاب کے سبب سینکڑوں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 30 ہزار افراد کو ہنگامی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے، اب بھی ہزاروں افراد متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں،امدادی کاموں میں مدد کیلیے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہاروی طوفان کی وجہ سے اگلے 2روز تک مزید تیز بارشوں کا امکان ہے۔