لکھنوء ( آئی این پی)بھارت میں تاریخی مسجد شاہ مینا شاہ کے امام نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کرتے ہوئے تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے گریز کریں۔بھارتی میڈیا کے مطابق تاریخی مسجد شاہ مینا شاہ میں جمعہ کی نماز کے موقع پر امام عیدگاہ لکھنومولانا خالد رشید فرنگی محلی ناظم دارالعلوم نے کہا کہ مذہب اسلام میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کرنا کوئی رسم و رواج نہیں بلکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی وہ سنت ہے
جس پر نبی کریم ﷺ نے عمل فرمایا۔ یہ قربانی عبادت کی ایک اہم شکل ہے جسے مسلمان بغیر کسی خوف کے نجام دیں لیکن اسی کے ساتھ ملکی قوانین کا لحاظ رکھتے ہووے ان جانوروں کی قربانی ہرگز نہ کریں جس پر قانونی بندش ہے۔ سڑکوں اور راستوں پر قربانی نہ کی جائے بلکہ متعین مقامات پر قربانی کریں۔ صفائی کااہتمام کریں اور اس بات کا لحاظ رکھیں کہ برادران وطن کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ مولانا نے اپیل کی کہ قربانی کرتے ہوئے تصویریں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے گریز کریں۔