واشنگٹن(این این آئی)امریکا میں ایک خاتون نے ایک بچی کو جنم دیا ہے جس کا وزن چھ کلو گرام بتایا جاتا ہے۔ پیدائش کے وقت چھ کلو گرام وزنی بچی کو سب سے وزنی بچی قرار دیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق بچی کی ولادت سے قبل اس کی ماں کریسی کوربیٹ کی دوران حمل کی تصاویر سامنے آئی تھیں۔
اس نے کہا تھا کہ وہ غالبا وہ ایک غیرمعمولی جسامت اور وزن کے بچے کو جنم دینے جا رہی ہے۔گذشتہ ہفتے دنیا میں آنے والی کارلیگ کو سرجری کے ذریعے ماں کی پیٹ سے نکالا گیا۔بچی تندرست ہے اور اس کی حرکات وسکنات عام بچوں ہی کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔بھاری جسامت والی بچی کی ماں کریسی نے کہا کہ بچی کی پیدائش کے وقت ڈاکٹر حیران تھے وہ بہت زیادہ ہنس رہے تھے۔ آپریشن روم میں میں نے ڈاکٹروں کو بہت زیادہ پرجوش اور ہنستے ہوئے دیکھا۔ وہ بچی کے وزن پر حیران بھی تھے۔کریسی کاکہنا تھا کہ جب اس نے خود بھی بچی دیکھی تو وہ یقین نہیں کرسکتی تھی کہ نومولودہ کا وزن سوا چھ کلو گرام بھی ہوسکتا ہے۔وزنی بچی کے والد لاری کا کہناتھا کہ ڈاکٹروں نے بچی کو ماں کی پیٹ سے نکالنے کے بعد کپڑے میں لپیٹ لیا اور ہم اسے اچھی طرح دیکھ نہیں پائے۔ انہوں نے بتایا کہ بچی کا وزن اس کی ماں کے پیٹ میں بھی زیادہ تھا اور دو بچوں کی توقع لگائے ہوئے تھے۔