لندن(آئی این پی)بین الاقوامی ماہرین کی مرتب کردہ ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے سب سے زیادہ خوش ملکوں میں ناروے سرِفہرست ہے جبکہ امریکی زیادہ سے زیادہ افسردہ ہوتے جا رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق خوشی کے عالمی دن کے موقع پر جاری ہونے والی ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ کے مطابق اگرچہ ناروے کو معدنی تیل کی کم قیمتوں کے بحران کا سامنا ہے تاہم اس ملک کے باشندے سب سے زیادہ خوش
زندگی گزار رہے ہیں۔ اس طرح ناروے نے امسالہ رپورٹ میں ڈنمارک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جسے گزشتہ تین سال سے مسلسل سب سے زیادہ خوش ملک کا درجہ دیا جا رہا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکا میں گزشتہ ایک عشرے کے دوران لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے تاہم وہاں خوشی کا رجحان مسلسل کم ہو رہا ہے۔ امریکا نئی فہرست میں محض چودہواں سب سے زیادہ خوش ملک ہے۔