بیجنگ (آئی این پی) چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ دیائو یو جزائر کی خود مختاری کے بارے میں غلط بیانی بند کر دے ، دیائو یو جزائر اور اس سے ملحقہ چھوٹے چھوٹے جزیرے قدیم دور سے چین کی علاقائی خود مختاری کا حصہ ہیں ، یہ ایک تاریخی حقیقت ہے جسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے امریکی سیکرٹری دفاع جیمز متیز کے ایک بیان پر اپنا رد عمل ظاہرکرتے ہوئے
کیا ، امریکی سیکرٹری دفاع نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکہ اور جاپان کے درمیان ہونیوالا معاہدہ ان جزائر پر لاگو ہوتا ہے ۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سیکرٹری دفاع نے اس موقف کو دوہرایا کہ جاپان اور امریکہ کے درمیان ہونیوالے معاہدے کی دفعہ 5کے تحت یہ جزائر امریکہ کے قبضے میں آنے سے پہلے جاپان کی ملکیت تھے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے واضح کیا کہ امریکہ اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون اور دفاع کا معاہدہ سرد جنگ کے زمانے کی پیداوار ہے جو چین کی علاقائی خود مختاری اور قانونی حقوق پر اثر انداز نہیں ہو سکتا ، اس لئے ہم امریکہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور دیائو یو جزائر کی خود مختاری کے مسئلے پر غلط بیانی سے بازرہے اور اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنانے اور علاقائی صورتحال میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں سے گریز کرے ۔