اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وکیل کی سوشل میڈیا پر جاری وڈیو نے تہلکہ مچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پیج ’’عافیہ مومنٹ ‘‘ پر لگائی جانے والی ایک وڈیو میں عافیہ صدیقی کی امریکی وکیل کیتھی مینلےنے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر اوباما ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرسکتے ہیں لیکن نواز شریف کی حکومت اس میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
کیتھی مینلے نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوبامہ چونکہ اپنے صدارتی عہدے سے ریٹائرڈ ہونے والے ہیں اسلئے وہ قانون کے مطابق جاتے جاتے اپنی صوابدید پر قیدیوں کو رہا کر سکتے ہیں۔ پاکستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ باراک اوبامہ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے انہیں ایک باضابطہ درخواست ارسال کر دے۔چونکہ ڈاکٹر عافیہ پاکستانی شہری ہے اس لئےعافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے امریکی انتظامیہ کو پاکستانی حکومت کی طرف سے صرف ایک باضابطہ درخواست کا انتظار ہے کیتھی مینلےکا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت دانستہ وقت ضائع کر رہی ہے اور یہ سنہری موقع گنوا رہی ہے ۔ پچھلے 14 برسوں میں پاکستانی حکومت نے ایک مرتبہ بھی باضابطہ رابطہ نہیں کیا ۔ کیتھی مینلے کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا انتہائی دکھ ہے کہ پاکستانی حکومت نے کئی بار ایسے سنہری مواقع ضائع کئے ہیں۔