برسلز(آئی این پی )یورپی یونین کے لیے برطانوی سفیر سر آئیون راجرز نے استعفی دیدیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقیورپی یونین کے لیے برطانوی سفیر سر آئیون راجرز نے استعفی دیدیا ہے ۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین کے لیے برطانوی سفارت خانے نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ راجرز کے اس بیان نے حال ہی میں بہت زیادہ توجہ حاصل کی تھی کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے مکمل علیحدگی کے مذاکرات دس سال تک جاری رہ سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اس سفارت کار نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کی کوئی بھی قومی پارلیمنٹ ایسے کسی بھی معاہدے کا راستہ روک سکتی ہے۔ برطانوی عوام نے ایک حالیہ ریفرنڈم میں یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں ووٹ دیا تھا اور موجودہ حکومت جلد از جلد اس معاملے میں پیش رفت چاہتی ہے۔