کیف(این این آئی)یوکرائن سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے ایک ایسے ای میل اکاؤنٹ سے کی جانے والی ایسی ہزاروں ای میلز عام کر دی ہیں جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ کریملن کے ایک اہلکار کے زیر استعمال تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان ای میلز سے معلوم ہوا ہے کہ ماسکو اور یوکرائن کے مشرقی حصے میں سرگرم باغیوں کے درمیان قریبی معاشی اور سیاسی تعلقات موجود ہیں۔یہ ای میلز یوکرائنی ہیکر گروپ سائبر ہنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہیں جس سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ایڈوائرز ولادیسلاف سرکوف اور یوکرائنی فورسز کے ساتھ لڑنے والے روس نواز باغیوں کے درمیان رابطوں کا پتہ چلتا ہے۔یوکرائن کی نیشنل سکیورٹی سروس کی طرف سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ای میلز اصل ہیں تاہم اس بات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا کہ ان فائلوں کو تبدیل کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔پوٹن کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے ان جاری کردہ ای میلز کے حوالے سے اس دعوے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکوف ای میل استعمال ہی نہیں کرتے۔